وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کا رمضان المبارک کی آمد پر خصوصی پیغام
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارک بادی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمیں اس ماہ کے فضائل اور برکتوں سے مستفید ہونے کی سعادت حاصل ہورہی ہے۔ روزے کا مقصد تقویٰ کا حصول، تزکیہ نفس اور انسان کو اپنے خالق حقیقی کے حکم کے تابع کرنا ہے۔ روزہ غیر معمولی حالات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کی تربیت کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مثبت سوچ، بھائی چارے اور باہمی احساس کو پروان چڑھانے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ رمضان المبارک کے آغاز پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا ہے کہ روزہ ہمیں جہاں غیر معمولی حالات کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنے کی تربیت فراہم کرتا ہے وہاں معاشرے میں مثبت سوچ، بھائی چارے اور باہمی احساس کو پروان چڑھانے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت نے ماہ رمضان میں عوام الناس کی سہولت کے یش نظر تمام اشیاء ضروریہ کی وافر اور مناسب نرخوں پر فراہمی کیلئے وفاقی حکومت نے خصوصی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔ علاوہ ازیں اس بات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے کہ اس ماہ مقدس کے دوران منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کا مکمل سد باب کیا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات اور دقت کا سامنا نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں بجلی اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزہ داروں کو سہولت میسر آئے۔ اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مبارک مہینے کی فیوض و برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطاء فرمائیں۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔